کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آر گنا ئزیشن کے زیراہتمام زرعی یونیورسٹی میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے مرکزی و صوبائی رہنماوں نے تنظیمی ساتھیوں سمیت شرکت کی اور کیمپ میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مشترکہ احتجاجی تحریک چلانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ کیمپ میں موجود شرکاء سے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی آرگنائزر سیف اللہ خان ، مرکزی جنرل سیکرٹری بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن صمند بلوچ اور چیئرمین بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) بوہر صالح بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ طلبا رہنماوں نے نیوٹیک کو زرعی یونیورسٹی کی عمارت دینے کی تجویز کو صوبے کے زرعی مستقبل کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیوٹک کے لیے کوئی متبادل عمارت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے اندر پی ایس او کی جانب سے جاری احتجاج کو اب تحریک حقوق طلبا الائنس کے بینر تلے منظم احتجاجی تحریک کی صورت دی جائے گی اور آج کے بعد کیمپ تحریکِ حقوقِ طلباء کے زیر اہتمام لگایا جائے گا جس میں تمام طلبا تنظیمیں بھرپور کہ شرکت کریں گی ۔