کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)گوادر یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت ایک اہم تعلیمی و انتظامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں فال 2025 کے داخلوں، نئے سمسٹر کے آغاز اور 14 اگست یومِ آزادی کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم مہر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ خان، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ اسلم کے علاوہ یونیورسٹی کے ایچ او ڈیز اور انچارج ایڈمیشن نے شرکت کی۔ وائس چانسلر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فال سمسٹر کے داخلوں کو شفاف، بروقت اور طلبہ دوست انداز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت دی کہ داخلوں کے تمام مراحل کو منظم طریقے سے انجام دیا جائے تاکہ نئے طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے فیکلٹی ممبران کو تاکید کی کہ وہ داخلہ مہم کو مزید مؤثر اور فعال انداز میں آگے بڑھائیں، تاکہ خواہش مند طلبہ تک بروقت رسائی حاصل ہو سکے۔ میں 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کی گئی۔ وائس چانسلر نے تمام شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ تقریبات میں بھرپور حصہ لیں اور ایسی سرگرمیاں ترتیب دیں جو حب الوطنی اور قومی اتحاد کو فروغ دیں۔ مجوزہ تقریبات میں پرچم کشائی، طلبہ کی تقاریر، قومی نغمے اور ثقافتی پروگرام شامل ہیں۔