• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان سے 30 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو وطن بھیجا جا چکا

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن کلیم اللہ، پولیس، ایف آئی اے، نادرا، اسپیشل برانچ، پی ٹی اے، محکمہ داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔جبکہ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ،ڈپٹی کمشنر پشین اور ایس پی پشین نے آن لائن موجود تھے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیس، ایف سی اور انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 30 ہزار سے زائد غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔ مزید کہا گیا کہ تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے کارروائی کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی مہاجرین اور غیر قانونی مقیم اور اے سی سی فہرست میں شامل افراد کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ کارروائی میں آسانی ہو۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری رکھنے، غیر قانونی باشندوں کے بینک اکاؤنٹس اور موبائل سمز کا ریکارڈ اکٹھا کرنے، اور مقامی معتبرین و معززین کو اعتماد میں لے کر پرامن ماحول میں آپریشن کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور تمام ادارے باہمی مشاورت سے ایسا لائحہ عمل مرتب کریں جو غیر قانونی باشندوں کی واپسی ہر صورت ممکن بنائے۔
کوئٹہ سے مزید