• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی حکومت کے پاس ہر مسئلے کا حل پابندی ہے،مولانا عبدالمالک

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالمالک ، صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسر حسین احمد شیرانی ، مولانا امان اللہ گرگناڑی ، حاجی امین اللہ امین ، مولانا عبدالغنی ساسولی اور مولانا محمد اقبال عثمانی نے بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے بلوچستان حکومت کے پاس ہر مسئلے کا حل صرف پابندی اور بندش ہے ، انٹرنیٹ سروس اس وقت صرف پروپیگنڈے کا ہتھیار اور تفریح کا وسیلہ نہیں بلکہ لوگوں کے بنیادی ضروریات زندگی کا حصہ بن چکا ہے ، کاروبار ، تعلیم ، رابطے سمیت زندگی کے اکثر شعبوں کا انحصار انٹرنیٹ پر ہے ایسی صورتحال میں طویل مدت تک عوام کو مسلسل اس بنیادی سہولت سے محروم کرنا نا انصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال اور اس کو معاشرے میں فکری انتشار کیلئے استعمال کیا جانا بھی ایک حقیقت ہے جس سے انکار کی گنجائش نہیں لیکن یہ صرف بلوچستان یا پاکستان کا مسئلہ نہیں اس لیے پابندی کو صرف مخصوص سوشل پلیٹ فارمز اور امن و امان کے حوالے سے مخدوش علاقوں تک محدود کرنے کے بجائے انٹرنیٹ کی بنیادی سہولت کو پورے صوبے میں منقطع کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے اور جن سوشل سائٹس کو محدود کرنے کی ضرورت ہو پابندی صرف اس حد تک لاگو کی جائے-
کوئٹہ سے مزید