• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ’واشنگٹن ڈی سی کا بدنام ترین مجرم‘ قرار دے دیا

فوٹو ایڈیٹڈ
فوٹو ایڈیٹڈ

ایلون مسک کی کمپنی xAI کے تیار کردہ چیٹ بوٹ ’گروک‘ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کا ’بدنام ترین مجرم‘ قرار دے کر نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ 

چیٹ بوٹ گروک کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایک صارف نے اِس سے امریکی دارالحکومت میں جرائم کی شرح اور ’سب سے بدنام مجرم‘ کے بارے میں سوال پوچھا۔

امریکی جریدے ’نیوز ویک‘ کے مطابق گروک نے صارف کے اس سوال کے جواب میں کہا کہ 2025ء میں واشنگٹن ڈی سی میں پرتشدد جرائم کی شرح 26 فیصد سے کم ہو کر گزشتہ 30 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے تاہم ’شہرت اور سزاؤں کی بنیاد پر‘ صدر ٹرمپ اس وقت واشنگٹن ڈی سی شہر کے سب سے بدنام مجرم ہیں۔ 

گروک نے اپنے اس جواب پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو نیویارک میں کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کے 34 مقدمات میں سزا سنائی گئی جسے جنوری 2025ء میں عدالت نے برقرار رکھا۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں جرائم کو ’قابو سے باہر‘ قرار دیتے ہوئے شہر میں نیشنل گارڈ کے تقریباً 800  اہلکار تعینات کیے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید