کراچی میں ایم نائن موٹر وے کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب قتل کیے گئے 3 خواجہ سراؤں میں سے 2 کی شناخت کر لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کیے گئے 3 میں سے 2 خواجہ سراؤں کی شناخت ان کے اصل نام محمد جیئل اور الیکس ریاست کے نام سے ہوئی ہے۔
خواجہ سراؤں کی تنظیم نے تینوں ہلاک افراد کی شناخت عینی، عصمہ اور ثمینہ کے نام سے کی۔
دوسری جانب جناح اسپتال ایمرجنسی وارڈ کے باہر خواجہ سراؤں نے احتجاج شروع کردیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہراحتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ موٹر وے ایم نائن کے قریب جھاڑیوں سے 3 خواجہ سراؤں کی گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں۔
2 خواجہ سراؤں کو سینے پر اور 1 کو سر پر گولی ماری کر قتل کیا گیا، جائے وقوع سے نائن ایم ایم گولیوں کے 2 خول ملے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر عبد الخالق پیرزادہ نے میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوع سے پرس، ٹشو پیپرز اور دیگر سامان ملا ہے، خواجہ سراء معمول کے مطابق اسی مقام پر آتے تھے اور انہیں اسی جگہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
عبدالخالق پیرزادہ نے کہا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
واقعے پر وزیرِ داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ملیر سے ابتدائی رپورٹ طلب کی ہے۔