اسلام آ باد، پیرس، دبئی ( نیو زرپورٹر،نیوز ایجنسیاں)بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کا جشن بھرپور جوش وخروش سے منایا گیا ،امریکا، بیجنگ ، ماسکو، برسلز،ٹوکیو، لندن ، پیرس، ناروے، سنگاپور،نئی دہلی، کابل ،بشکیک کرغزستان،دبئی، ابوظبی اور مراکش سمیت مختلف ممالک کے دارالحکومتوں اور بڑے شہروں میں پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشن میں تقریبات کا انعقادکیا گیا، خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھے گئے، یوم آزادی کے موقع پر معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا جشن بھی منایا گیا۔پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے جاری بیان کے مطابق بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن کے چانسری لان میں ایک پروقار تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم لہرایا، انہوں نے وطن کیلئے لڑنے اور قربانیاں دینے والے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔