نئی دہلی ( جنگ نیوز) بھارت کی ہٹ دھرمی،پانی پر عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔ بھارت کا کہنا ہے کہ عالمی ثالثی عدالت کو سندھ طاس معاہدے پر فیصلے کا اختیار نہیں۔کیوں کہ نئی دہلی نے کبھی بھی اس عدالت کی قانونی حیثیت کو تسلیم نہیں کیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ بین الاقوامی ثالثی عدالت کو سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں کیونکہ نئی دہلی نے کبھی بھی اس عدالت کی قانونی حیثیت کو تسلیم نہیں کیا۔ دریں اثناء انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں پاکستان کو اپنے بیانات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ’ہم نے پاکستانی قیادت کی جانب سے انڈیا کے خلاف تبصروں کے تسلسل کے بارے میں رپورٹس دیکھی ہیں۔‘ایک سوال کے جواب میں رندھیر جیسوال نے پاکستان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اپنی بیان بازی میں نرمی لائے اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ کسی بھی مہم جوئی کے دردناک نتائج برآمد ہوں گے۔