دمشق (اے ایف پی) شام کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں جمعرات کو ہونے والے دھماکے میں چار افراد ہلاک ہو گئے، سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے کی وجہ ابھی تک سرکاری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔مقامی رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے صوبائی دارالحکومت کے مغربی نواح میں دھماکوں کی آواز سنی، جبکہ ایک جنگی مبصر نے کہا کہ یہ دھماکے غیر ملکی جنگجوؤں کے ایک قریبی اڈے سے آئے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق ادلب شہر کے اطراف میں ایک دھماکا ہوا جس کی وجہ نامعلوم ہے۔وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ کم از کم چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے۔ سول ڈیفنس نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ غیر شامی جنگجوؤں کے ایک اڈے پر، جہاں اسلحے کا ذخیرہ تھا، بڑے بڑے مسلسل دھماکوں کی آواز سنی گئی جبکہ فضا میں ایک ڈرون بھی موجود تھا۔