کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہاہے کہ مہنگائی کو38فیصد سے 3.2 فیصدتک لانے کے اقدامات کامیاب رہے‘اسٹیٹ بینک ملک کی طویل مدتی خوشحالی کے لیے زری اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے‘ماضی قریب میں ہمیں غیر معمولی اقتصادی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ہم اب اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہیں‘ہماری زری پالیسی میں توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ سخت محنت سے قیمتوں میں جو استحکام حاصل ہوا ہے اسے برقرار رکھا جائے جبکہ مہنگائی کو 5سے 7فیصد کے اندر رکھا جائے‘ اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کی کوشش کی ہے تاکہ بیرونی دھچکوں کی مزاحمت کے لیے اقتصادی لچک بڑھائی جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا۔ گورنر جمیل احمد نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر گورنر جمیل احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر تقریباً تین گنا ہوچکے ہیں، جو مالی سال 23 ء کے آخر میں صرف 4.4 ارب ڈالر تھے اور مالی سال 25 ء کے آخر میں بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ذخائر میں یہ اضافہ غیر ملکی قرض میں کسی اضافے کے بغیر حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹ کھولنے کے بہتر نظام کا حال ہی میں آغاز کیا ہے جس کے ذریعے بینک کی برانچ میں جائے بغیر اکاؤنٹ کھولا جا سکے گا ۔