انقرہ (جنگ نیوز) ترکیہ، شام کو نئے معاہدے کے تحت اسلحہ اور آلات فراہم کریگا ۔ انقرہ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ شامی مسلح افواج کو تربیت دے گا، ان کی تنظیم نو کرے گا، ملک اور اس کے اداروں کی تعمیر نو میں مدد دے گا، اور شام کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ ایک ترک وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق بدھ کو دستخط ہونے والے فوجی تعاون کے ایک معاہدے کے تحت ترکیہ شام کو اسلحہ جاتی نظام اور لاجسٹک آلات فراہم کرے گا اور ضرورت پڑنے پر شامی فوج کو ان کے استعمال کی تربیت بھی دے گا۔یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی، جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ حسین السلامہ اور وزیر دفاع مُرھف ابو قصرا کے ہمراہ ترکی کے وزیر خارجہ حقان فیدان سے انقرہ میں ملاقات کر چکے ہیں۔