لاہور (خالد محمود خالد) نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود بھارتی اور امریکی فوجی آئندہ ماہ مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔ ان مشقوں کو یودھ ابھیاس کا نام دیا گیا۔ امریکی ریاست الاسکا میں یکم سے سولہ ستمبر تک ہونے والی سالانہ مشقوں میں مدراس رجمنٹ کی قیادت میں بھارتی فوج کی طرف سے تمام ہتھیاروں سے لیس دستہ شامل ہوگا۔ ʼیودھ ابھیاسʼ مشقوں کا آغاز بھارت امریکہ دفاعی تعاون کے معاہدے کے فریم ورک کے تحت 2004 میں ہوا تھا۔ یہ مشقیں ایک سال بھارت میں اور ایک سال امریکہ میں ہوتی ہیں۔ 2024 میں یہ مشقیں بھارتی ریاست راجستھان میں منعقد ہوئی تھیں۔ اس سال یہ مشترکہ مشقیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں پاکستان اور امریکہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ چکے ہیں۔ واشنگٹن اور اسلام آباد مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی مذاکرات شروع کر رہے ہیں جب کہ اس کے ساتھ ساتھ ٹیرف کے معاملات پر بھارت اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔