کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ اس آزاد فضا میں پاکستانی کی کامیابیاں اور پاکستان کے چیلنجز کون کون سے ہیں؟ جواب میں تجزیہ کار ارشاد بھٹی ، مظہر عباس، ریما عمر اور فخر درانی نے پاکستان کی آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرولڈ نظام نے سیاسی قیادت کو ابھرنے نہیں دیا، 78 سالہ سفر میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا جنگوں میں کامیابیاں حاصل کیں اور کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی تاہم 1971 میں ملک دو لخت ہوا کرپشن، بے روزگاری اور بدامنی نے ترقی کی رفتار روکی۔ تعلیمی نظام پسماندہ ہے آئین و قانون کی حکمرانی اور آزادی اظہار کا جناح کا خواب ادھورا رہا جبکہ کنٹرولڈ نظام نے سیاسی قیادت کو ابھرنے نہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی منانا اچھی روایت ہے مگر قوم سازی کیلئے سیمینارز اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ اس بار پاکستانی پرچم کے ساتھ فلسطین، چین اور ایران کے جھنڈے بھی نظر آئے۔ موسیقی کے میدان میں پاکستان نے بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں پاکستان کا سب سے بڑا المیہ انتہا پسندی کو قرار دیا گیا۔ البتہ پاکستانی عوام کی مشکلات میں بھی مسکرانے اور مزاح کرنے کی صلاحیت دنیا بھر میں منفرد ہے۔