مظفر آباد،لاہور (نمائندگان جنگ، نیوز رپورٹر) آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، کلاؤڈ برسٹ، 10افراد جاں بحق ہوگئے،ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلے، زمین کا کٹاؤ اور رابطہ سڑکوں کی بندش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا جس کے باعث مقامی افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے متعدد رابط سڑکیں بند ہوگئیں، نشیبی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق جہلم ویلی کے علاقے نڑ دھجیاں میں نالہ بپھرنے سے تین دکانیں تباہ، ایک گراٹ کو بھی نقصان پہنچا، مچھیارہ کے علاقے میں بھی نالہ بپھرنے سے تین دکانوں کو نقصان پہنچا۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 اضلاع کی مختلف شاہراہیں بند ہو کر رہ گئیں۔دوسری جانب ایس ڈی ایم اے نے آزاد کشمیر میں یکم جون 2025 سے اب تک کے نقصانات کی رپورٹ بھی جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 3 شہری جاں بحق، 11 زخمی ہوئے ہیں۔بارشوں کے دوران 76 گھر مکمل تباہ، 290 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، 33 دکانیں تباہ ، 14 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق مزید بارشوں کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔