کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جنگ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ نشانِ امتیاز، بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان کے لیے کی گئی بے مثال خدمات کا تسلیم شدہ اعزاز ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ، گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی ، سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ اور دیگر نے بلاول بھٹو زرداری کو نشان امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشانِ امتیاز، بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان کے لیے کی گئی بے مثال خدمات کا تسلیم شدہ اعزاز ہے، یہ اعزاز ہر اس پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے جو ملک کی عزت و وقار کو دنیا میں بلند دیکھنا چاہتا ہے۔، چیئرمین بلاول بھٹو کی واضح اور بھرپور سفارتکاری نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنے قومی مفادات اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دریں اثنا ء پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے بھی حکومت کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نوازنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے قائد کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔