لاہور(اپنے نامہ نگار سے) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کرنے والے افراد کو لیسکو میں برداشت نہیں کیا جائے گا،چیف ایگزیکٹو لیسکو سے داروغہ والا انڈسٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں انڈسٹری سے متعلقہ مسائل اور بجلی کی فراہمی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں رانا شعبان اختر، ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس، رمیض دیوان ، چیئرمین داروغہ والا انڈسٹری ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر آپریشن لیسکو اعجاز بھٹی، سی ایس ڈی عباس علی، ڈی جی امپلیمنٹیشن رائے محمد اصغر اور ایس ای تھرڈ سرکل عمر بلال نے شرکت کی۔سی ای او لیسکو نے اجلاس میں تمام مسائل کے فوری حل کی ہدایت جاری کی اور واضح کیا کہ صارفین کو درست اور شفاف بلنگ فراہم کرنا لیسکو کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔