• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ڈی ایف کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے کا اعلان

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ قدرتی آفات اور سیلابی صورتحال کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انصاف ڈاکٹرز فورم خیبر پختونخوا نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے ایک کڑی آزمائش ہے۔ انصاف ڈاکٹرز فورم خیبر پختونخوا عوام اور صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہرممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں انصاف ڈاکٹرز فورم خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں جلد از جلد میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جائیں گی جو وہاں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز، فرسٹ ایڈ اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔ مزید برآں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ریلیف آپریشنز میں بھرپور کردار ادا کیا جائیگا۔ فورم نے تمام رضا کار ڈاکٹروں، میڈیکل اسٹوڈنٹس اور ہیلتھ ورکرز سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں خدمت خلق کے جذبے کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔
پشاور سے مزید