• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیاء الحق سرحدی کو ستارہ امتیاز دینا صحافت سے بھونڈامذاق ہے،صحافتی تنظیمیں

پشاور (لیڈی رپورٹر)صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب نے خیبرپختونخوا سے ایک کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ کو صحافت کے شعبہ میں اعلی سول ایوارڈ دینے کو خیبرپختونخوا کے صحافیوں کی قربانیوں کامذاق قرار دیتے ہوئے اس نامزدگی پر شدید احتجاج اور اس کی بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی گئی تو وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کے بائیکاٹ سمیت بھرپور مزاحمت کے تمام آپشنز پر عمل کا جائے گا ۔خیبریونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کی قیادت نے خیبرپختونخوا حکومت سے معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید،پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض جنرل سیکرٹری پریس کلب طیب عثمان اعوان اور جنرل سیکرٹری خیبر یونین آف جرنلسٹس ارشاد علی اور دیگر عہدیداروں نے گزشتہ روز مشترکہ طور پر کہا ہےکہ یوم آزادی کے موقع پر پشاور سے کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنماء، پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈینیٹر اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈرائی پورٹ کمیٹی کے چیئرمین ضیائالحق سرحدی کو صوبہ خیبرپختونخوا سے صحافت کے شعبہ میں اعلی سول اعزاز ستارہ امتیاز دیا گیا۔پشاور کی صحافی برادری اس نامزدگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس نامزدگی کے تمام مراحل میں شامل اداروں اور حکام کی مذمت کرتی ہے۔
پشاور سے مزید