• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتشام علی ایمرجنسی ادویات، ایمبولینسز اور طبی عملے کے ہمراہ بونیر پہنچ گئے

پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی ایمرجنسی ادویات، ایمبولینسز اور طبی عملے کے ہمراہ بونیر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ڈگر، ٹی ایچ کیو پیر بابا، انصاف ڈاکٹرز فورم کے میڈیکل کیمپ اور پیر بابا بازار کا دورہ کیا۔ سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ مالاکنڈ ڈاکٹر داود، صدر آئی ڈی ایف ڈاکٹر نبی جان آفریدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مشیر صحت نے ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کی، لواحقین سے ملاقات کی اور ایمرجنسی ادویات، دو موبائل ہیلتھ کلینکس اور طبی عملہ ڈی ایچ او بونیر کے حوالے کیا۔ آئی ڈی ایف کے تعاون سے ٹی ایچ کیو پیر بابا میں میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹرز فیلڈ میں بھی متاثرین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ وہ بونیر کیلئے ادویات، ایمبولینسز اور طبی عملے کو لیکر خود آئے ہیں، صبح سے شام تک ہر مرکز صحت کا دورہ کیا اور گراونڈ پر موجود رہے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ تمام ہیلتھ فیسیلٹیز 24/7 فعال ہیں۔ بونیر کے عوام نے اس آفت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہوکر زبردست مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سرکاری مشینری کے ساتھ شانہ بشانہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں اور زندہ قومیں ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔ مشیر صحت نے بتایا کہ سوات، شانگلہ، دیر اور باجوڑ سمیت پورے مالاکنڈ ڈویژن میں محکمہ صحت کا ہنگامی آپریشن جاری ہے۔ ہر جگہ ادویات اور طبی عملے کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
پشاور سے مزید