• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریگی ٬ کریم بائیک چلانے والے نے ساتھی کو قتل کردیا

پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ ریگی کے علاقے میں قبرستان میں کریم موٹرسائیکل چلانے والے نے ساتھی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ریگی نزد قبرستان میں قتل کا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں محمد امجد ولد دولت خان ساکن مغل زئی، تہکال بالا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ورسک سجاد حسین انویسٹی گیشن اسٹاف کےہمراہ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ سے 4 عدد 30 بور خول برآمد کیے۔ پولیس نےبتایاکہ موقع پر موجود بچے جو اپنے مویشی چرا رہے تھے اور عینی شاہدین ہیں انہوں نے بیان دیا کہ ایک موٹر سائیکل پر دو افراد آئے، جن میں ایک شخص نے کریم کا ہیلمٹ پہن رکھا تھاجبکہ مقتول موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ ان کے پاس ایک شاپر بھی تھاجس میں کھانے پینے کی اشیاء موجود تھیں۔ وہ دونوں کچھ دیر بیٹھ کر کھانے میں مصروف رہے۔ بعدازاں ساتھی نے مقتول پر پستول سے فائرنگ کی اور موقع سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔ قتل واقعہ کے بعد مقتول کے ورثاء سےپولیس نے رابطہ کیا ہےاور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے گئے ہیں۔ اصل حقائق جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تفتیش اور ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پشاور سے مزید