پاکستان کے 78ویں جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کے حوالے سے ویانا اور دی ہیگ میں شاندار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
سفارتخانہ ویانا میں ہونے والی تقریب میں سفیر پاکستان کامران اختر ملک نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر فضا قومی ترانے کی دھنوں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن عدیل خان آفریدی نے کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔
سفیر پاکستان نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔
اپنے خطاب میں کامران اختر ملک نے یومِ آزادی اور معرکہ حق میں بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کی خوشیاں پاک فوج کی شاندار فتح سے دوبالا ہو گئی ہیں۔
سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ میں بھی یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔
نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے قومی ترانے کی دھن پر فضا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی کی مناسبت سے مبارکباد دی اور کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے انھوں نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا بھی دن ہے۔
بعد ازاں اردو چرچ روٹر ڈیم کے گروپ نے ملی نغمے سنائے۔ سفیر پاکستان سید حیدر شاہ اور محترمہ پلواشہ حیدر نے پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی اور پاکستان کھانوں سے شر کاء کی تواضع کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن ہالینڈ نے دی ہیگ کے مقامی ریسٹورنٹ میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا، مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل عبد الباسط نے تقریب سے خطاب کیا۔
خورشید مغل راجہ محمد اکرام رانا ریاض حمزہ راجہ چوہدری مستنصر اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ ہم سب کا فریضہ ہے کہ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مسلم لیگ ن ہالینڈ کے سر پرست اعلیٰ سینئر رہنما پیر طاہر شاہ اقرار نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور جشن آزادی معرکہ حق کی شاندار کامیاب پر مبارکباد دی۔