اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) پاک فضائیہ نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں بھرپور معاونت کرتے ہوئے 48 ٹن امدادی سامان کو ایئر ایگل بی۔737 طیارے کے ذریعے کراچی سے پشاور پہنچا دیا ۔ پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق قدرتی آفات کے وقت قوم کی پکار پر لبیک کہنے کی اپنی میراث کو برقرار رکھتے ہوئے پاک فضائیہ نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں بھرپور معاونت فراہم کی۔ اس سلسلے میں ایک این جی او کے زیر انتظام کل 48 ٹن امدادی سامان کو ایئر ایگل بی۔737 طیارے کے ذریعے کراچی سے پشاور پہنچایا گیا۔ایک ہوائی پل قائم کرکے پاک فضائیہ نے بونیر اور شانگلہ کے سیلاب زدہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لئے فوری طور پر درکار سامان کی تیز رفتار نقل و حمل کو یقینی بنایا ہے۔