کراچی( اختر علی اختر)دل کش موسیقی، قیمتی رنگوں، مشرقی فیوژن اور مغربی ملبوسات سے سجی ایک شام،کراچی کے علاقے ڈیفنس میں منعقدہ فیشن شو رنگ و نور کی برسات ،نادیہ خان کی بیٹی شانزے کی فیشن کی دُنیا میں شاندار انٹری،توجہ کا مرکز بن گئیں،لیجنڈری کلاسیکل ڈانسر اور کتھک ایکسپرٹ شیما کرمانی نے گزشتہ برس انتقال کر جانے والی شوبز شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دوسری جانب ریمپ پر پروفیشنل ماڈلز نے ایسڈ سروائیورز کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر واک کی، جوحاضرین کے لیے نہایت جذباتی اور متاثر کن لمحہ تھا۔تفصیلات کے مطابق رن وے کے زیراہتمام ڈی ایچ اے مرینا کلب میں ایک دل کش اور بامقصد فیشن شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی فیشن انڈسٹری کے نمایاں پروفیشنلز، ڈیزائنرز، ماڈلز، کوریوگرافرز، فیشن رائٹرز، شوبزنس کی معروف شخصیات، فیشن اسکولز کے سربراہان، فیشن سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل بیوٹیشن مسرت مصباح نے اپنی فلاحی تنظیم ’’دی پائلز اسمایل اگین فاؤنڈیشن ‘‘کے ساتھ اس شو میں نمایاں طور پر شرکت کی، جو تیزاب سے جھلس جانے والے افراد کے علاج اور بحالی پر کام کرتی ہے۔ اس موقع پر معروف ڈیزائنر زبیر شاہ کے ہمراہ انہوں نے ایک اہم سماجی مسئلے کو اجاگر کیا۔ ریمپ پر پروفیشنل ماڈلز نے ایسڈ سروائیورز کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر واک کی، جوحاضرین کے لیے نہایت جذباتی اور متاثر کن لمحہ تھا۔ اختتام پر مسرت مصباح اور زبیر شاہ ماڈلز اور متاثرین کے ساتھ اسٹیج پر آئے اور اس موضوع پر روشنی ڈالی، جس کے بعد ایک دل چھو لینے والی شو ریل دکھائی گئی۔ لیجنڈری کلاسیکل ڈانسر اور کتھک ایکسپرٹ شیما کرمانی نے گزشتہ برس وفات پانے والے شوبز شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے فیض احمد فیض کی مشہور تخلیق دشتِ تنہائی پر استاد ولایت حسین اور استاد شفیع اللہ کی خصوصی ریکارڈنگ کے ساتھ پرفارم کیا، ۔ نپا ڈانس گروپ کے فنکار نینا خان، یوشوا حسین اور شہزور اختر نے شفقت امانت علی خان کے معروف گانے پر جدید انداز میں ڈانس پرفارمنس دی،۔ اسی دوران گلوکار سید حسان نے مشہور گانے اپنی آواز میں پیش کیے۔ برائیڈل کوٹیور کلیکشن، جس میں 45 شاہکار ملبوسات شامل تھے۔ اس حصے میں اداکارہ زہرہ رضا شو اسٹاپر تھیں۔ اس موقع پر ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹ کامی چوہدری نے شو اسٹاپر کے طور پر واک کی، جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ڈیزائنر لبنیٰ مدثر نے اپنی روایتی بھاری فارمل کلیکشن پیش کی، جس میں جواہراتی رنگوں اور دھیمی جھلک کے ساتھ ساتھ روایتی اور تجرباتی کٹس شامل تھیں۔ ریڈ کارپٹ کی میزبانی سیدہ نازیہ اور ذیشان شفی نے کی۔ شو کی کوریوگرافی سابقہ سپر ماڈل نیرا نے کی۔