اسلام آباد( طاہر خلیل ) سینیٹ کی ہاؤس کمیٹی کے چیئرمین نے پارلیمنٹ لاجز میں کام کی سست رفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بلا تفریق ارکان پارلیمنٹ کے حقوق کے تحفظ پر اپنی ذمہ داری پر زور دیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کی مرمت ،دیکھ بھال کے کام کی صورتحال اور 104 نئے فیملی سویٹس کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ،کمیٹی کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پارلیمنٹ لاجز) کو نااہلی، یوٹیلیٹی چارجز کی اوور بلنگ کا پتہ لگانے، بائیو میٹرک حاضری سسٹم لگانے اور 16 سویٹس کی تزئین و آرائش مکمل کرنے پر معطل کر دیا گیا ۔ باقی 13 سویٹس کی مرمت کا کام تین ماہ کے اندر مکمل ہونے کی امید ہے۔ پیر کو سینٹ ہاؤس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے کی، کمیٹی کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے سابقہ اجلاسوں میں جاری کردہ ہدایات کی تعمیل پر بریفنگ دی۔