کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ارسا میں فیڈرل ممبر آئندہ سماعت سے قبل تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ کے روبرو ارسا میں سندھ سے فیڈرل ممبر تعینات نہ کرنے پر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ اور سیکریٹری واٹر ریسورس علی مرتضیٰ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ وفاقی حکومت کی جانب سےعدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عملدرآمد نہ ہوا تو وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور واٹر ریسورس پر فرد جرم عائد ہوگی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ لوگ سندھ سے ارسا کا وفاقی ممبر کیوں نہیں کرتے۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ بتائیں اب تک کیوں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔