• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک درست سمت میں گامزن، 27 ویں ترمیم کی ضرورت نہیں، اسحٰق ڈار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات پر یقین رکھتا ہے، جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ابھی 26 ویں آئینی ترمیم پر عمل پیرا ہیں، 27 ویں ترمیم کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک درست سمت گامزن ہے، مستحکم ہے، معیشت میں بہتری آئی ہے،نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بنا کر چھوڑا اور اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نہ صرف اس مقام کو حاصل کریں گے بلکہ جی 20 ممالک میں شامل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی مشن لندن میں ون ونڈو پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وزیر خارجہ نے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری ،برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا ون ونڈو پاسپورٹ پراسیسنگ یونٹ کے افتتاح پر نادرا، وزارت داخلہ، وزیر داخلہ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس سے قبل پاسپورٹ کا یہ عمل تین مختلف مقامات پر مکمل ہوتا تھا، اب یہ تینوں کام ایک ہی ونڈو پر منتقل کر دیئے گئے ہیں جس سے صرف 10 منٹ میں اب یہ پراسیس مکمل ہو گا۔ نائب وزیراعظم نے میرپور ایئرپورٹ کے قیام کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس سلسلےمیں سیالکوٹ کی طرز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اہم خبریں سے مزید