کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ کوئی اغوا برائے تاوان کا کیس رونما نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کچے کے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کو ’’مثالی‘‘ بنانا ہے اور پولیس کو ہر وقت چوکس رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے واضح کیا کہ اغوا برائے تاوان کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس کو ہدایت دی کہ بالخصوص ’’ہنی ٹریپ‘‘ کے ذریعے ہونے والے اغوا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور ڈی آئی جی لاڑکانہ شریک ہوئے۔