• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی فش ہاربر کے قریب دن دیہاڑے غیر ملکی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ لئے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیماڑی فش ہاربر کے قریب دن دیہاڑے غیر ملکی فش ایکسپورٹ کمپنی کے عملے سے نامعلوم مسلح ملزمان ڈیڑھ کروڑ روپےاور سیکیورٹی گارڈ سے اس کا اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود کیماڑی فش ہاربرکے قریب دن دیہاڑے پی کے فوڈز کمپنی کے ملازمین سے موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر ڈیڑھ کروڑ روپے اور سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے،واردات کی اطلاع ملنے پرایس ایس پی کیماڑی سمیت دیگر اعلیٰ افسران موقع پرپہنچے اور جائے واردات سے شواہد اکٹھے کیے ۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی نے بتایا کہ غیرملکی(کوریئن) فش ایکسپورٹ کمپنی کا عملہ فش ہاربرکے قریب واقع نجی بینک سے ایک کروڑ 56 لاکھ روپے نکلوانے کے بعد گاڑی میں اپنی کمپنی کے گیٹ کے قریب پہنچا ہی تھا کہ دو موٹرسائیکلوں پرسوار چھ مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر غیر ملکی کمپنی کے عملے سے رقم چھین لی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ غیر ملکی کمپنی کے عملے کے ساتھ ایک سیکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا ، دوران واردات سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی بلکہ مسلح ملزمان سیکیورٹی گارڈ سے اس کا اسلحہ بھی چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جبکہ دیگرشواہد بھی اکٹھا کر لیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے سیکیورٹی گارڈ اور کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا ہے۔ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آگئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا یے کہ کمپنی ملازمین سیکورٹی گارڈز کے ہمراہ رقم کا بیگ لے کر گاڑی سے اترتے ہیں ۔کمپنی میں داخل ہونے سے پہلے موٹر سائیکل پر مسلح ڈاکو تیز رفتاری سے گاڑی کے پاس پہنچتے ہیں۔ڈاکوؤں نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے ۔سی سی ٹی وی کے مطابق رقم کا بیگ لے کر جانے والے ڈاکو نے پینٹ شرٹ پہن رکھی ہے۔تین موٹر سائیکلوں پر چھ مسلح ڈاکوؤں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکو حفاظتی طور پر آگے نکل جاتے ہیں ۔کیش کے ساتھ موجود سیکیوریٹی گارڈ کسی قسم کی کوئی مزاحمت نہیں کرتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کمپنی اور جس بینک سے رقم نکالی گئی اس میں زیادہ فاصلہ نہیں ہے۔ملزمان نے جب لوٹ مار شروع کی تو عملے کے ساتھ موجود سیکورٹی گارڈ نے مزاحمت نہیں کی۔کمپنی کے باہر پہرہ دینے والے سیکورٹی گارڈ نے بھی فائرنگ نہیں کی۔ملزمان کو بینک سے رقم لیکر نکلنے کے بارے میں تمام معلومات پہلے سے تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں، عملے اور سیکورٹَی گارڈز کو شامل تفتیش کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید