کراچی (نیوز ڈیسک) عرب میڈیاکے مطابق حماس نے مصر اور قطر کی پیش کردہ نئی جنگ بندی تجویز قبول کر لی۔تنظیم کا کہنا ہے کہ ہم نے ثالثوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ۔یہ پیشرفت قطری وزیر اعظم اور مصری صدر کی قاہرہ میں ملاقات کے موقع پر سامنے آئی۔دوسری جانب صہیونی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی عمارتیں مسمار کر دیں جبکہ نہتے عوام پر اسرائیلی حملے جاری ہیں ،شہادتیں62ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 60فلسطینی جاں بحق اور344زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد شہادتیں62ہزار سے متجاوزہوگئیں۔ وزارت صحت نے کہا کہ کئی لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر اب بھی موجود ہیں جن تک ایمبولینسیں اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں فی الحال نہیں پہنچ پا رہیں۔ اسپتالوں کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امداد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے 27 فلسطینی جاں بحق اور 281 زخمی ہوئے، جس کے بعد امداد مراکز کے قریب جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1,965 اور زخمیوں کی تعداد 14 ہزار 701 سے زائد ہو گئی ہے۔وزارت صحت نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک دن میں قحط اور غذائی قلت کے باعث مزید 5 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ اس طرح بھوک سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 263 ہو گئی ہے، جن میں 112 بچے شامل ہیں۔ دریں اثنا حماس نے مصر اور قطر کی پیش کردہ نئی جنگ بندی تجویز قبول کر لی۔