ڈینٹسٹ سے کوریوگرافر بننے والی دھناشری ورما نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل سے علیحدگی کا فیصلہ کرنے کے بعد ان کے والدین نے انہیں کیسے ہمت دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹر یوزویندر چہل اور دھناشری ورما کی ذاتی زندگی ان کی طلاق کے دوران سرخیوں کی زینت بنی، حال ہی میں ایک انٹرویو میں دھناشری نے اپنی طلاق پر اپنے والدین کے ردعمل کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے اور بتایا کہ والدین نے کس طرح یہ جرأت مندانہ فیصلہ لینے پر ان کی تعریف کی۔
دھناشری ورما نے اعتراف کیا کہ طلاق کے بعد کا ابتدائی مرحلہ میرے اور میرے والدین کے لیے بہت الجھن بھرا تھا، کیونکہ اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہمت کی ضرورت تھی، اگرچہ منفی تبصروں کو نظر انداز کرنے میں کامیاب رہی، لیکن میرے والدین کے لیے رشتے داروں اور آس پاس کے لوگوں کے سوالات سے نمٹنا مشکل تھا، ایسے نازک وقت میں میرے دوستوں اور ٹیم نے میری حمایت میں اہم کردار ادا کیا، میں نے اور میرے والدین نے ایک دوسرے سے ہمت حاصل کی اور مل کر اس مشکل وقت سے گزرے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے دن بھی تھے کہ معاشرے کا بہت دباؤ محسوس کرتے ہوئے جب میری والدہ ہمت ہار جاتیں اور اداس ہو جاتیں اور ایسا وقت بھی تھا جب میرے والدین اپنے فون دور رکھتے تھے، ایسے دن بھی تھے جب مجھے انہیں سختی سے کہنا پڑا کہ اپنے فون استعمال نہ کریں، کالز کا جواب دینا بند کر دیں۔
دھناشری نے کہا کہ مجھے اپنے والدین اور دوستوں سے یہی مشورہ ملا کہ اپنا وقار برقرار رکھوں اور جذباتی نہ ہوں، میرے والدین یاد دلاتے رہتے تھے کہ میں بہت اچھی ہوں، یہ جانتے ہوئے کہ آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ ہیں جو آپ سے زیادہ طاقتور ہے، اس رشتے کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے لیے بھی بہت ہمت درکار ہوتی ہے اور میرے والدین مجھے ہر روز اس کی یاد دلاتے ہیں، وہ مجھے بتاتے رہے ہیں کہ انہیں کتنا فخر ہے کہ میں نے یہ فیصلہ کیا۔
یوزویندر چہل اور دھناشری کی ملاقات کوویڈ 19 کے دوران ہوئی جب چہل نے آن لائن ڈانس سیکھنے کے لیے ان سے رابطہ کیا، پھر ان کی دوستی محبت میں بدل گئی اور انہوں نے دسمبر 2020ء میں گروگرام میں شادی کر لی، تاہم وہ جون 2022ء میں الگ ہو گئے، فروری 2025ء میں انہوں نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی اور رواں سال مارچ میں ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔
طلاق کی کارروائی کے دوران ایسی افواہیں گرم تھیں کہ دھناشری یوزویندر چہل سے 60 کروڑ روپے لے رہی ہیں، تاہم ان کے خاندان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔
دریں اثناء دھناشری حال ہی میں راجکمار راؤ کے ساتھ فلم بھول چوک معاف میں ایک خصوصی ڈانس نمبر میں نظر آئیں، اب وہ تیلگو ڈانس ڈرامہ آکاشم داتی وستاوہ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی ہیں، جس کی ہدایت کاری کے فرائض سری ساسی کمار نے انجام دیے ہیں اور اسے دل راجو نے پروڈیوس کیا ہے۔