کراچی ( نیوز ڈیسک) برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت کراچی میں ہونے والی شدید طوفانی بارشوں کے باعث ڈوب گیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان عبدالواحد ہالیپوٹو نے بتایا کہ دوکروڑ سے زیادہ آبادی والے پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں ہونے والی بارش برسوں میں نہیں دیکھی گئی۔ شہر کے میئر مرتضیٰ وہاب نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امدادی کارکن، پولیس، رضاکار اور سرکاری ادارے امدادی سرگرمیوں میں مدد کر رہے ہیں۔۔صوبائی محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے کہا کہ مزید شدید بارشوں کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ منگل کو شہر کے مختلف حصوں میں 80 ملی میٹر (3.15 انچ) اور 178 ملی میٹر (7.01 انچ) کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔ انجم نذیر نے کہا کہ ہوائی اڈے کے ارد گرد کے علاقے میں 163.5 ملی میٹر بارش ہوئی جو 1979 کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ ہے۔صوبہ سندھ کے حکام نے بتایا کہ بارش نے بجلی، موبائل فون سروسز اور پروازوں میں بھی خلل ڈالا۔