• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا ایکسٹراآرڈنری جنرل باڈی اجلاس

راولپنڈی(جنگ نیوز)راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا ایکسٹرا آرڈنری جنرل باڈی اجلاس آج راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس کی صدارت نوید عباسی، صدر راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے کی۔ اجلاس میں کرکٹ سے وابستہ 101 ممبران نے بھرپور شرکت کی، جن میں 33 ایکٹو کلبز، 29 نان ایکٹو کلبز اور 22 فریش کلبز کے صدور و سیکرٹریز شامل تھے۔شرکاء نے اجلاس کے دوران صدر اور تمام ایگزیکٹو کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کرکٹ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید کی۔ اجلاس میں موجود تمام ممبران نے سازشی عناصر کے غیر آئینی اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو ان کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی سفارش کی۔اجلاس کے اختتام پر نوید عباسی نے تمام حاضرین کے سوالات اور خدشات کا تفصیلی جواب دیا۔ سلیکشن، مالی امور اور ٹورنامنٹس کے انعقاد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "اب ہم ٹورنامنٹ کے انعقاد میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔آخر میں انہوں نے اپنے تمام ناراض دوستوں سے اپیل کی کہ وہ اب بھی ہمارے گروپ کا حصہ ہیں، آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر کرکٹ کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں۔متعدد شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سطح پر ایسوسی ایشن کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ ضلع میں کرکٹ کی ترقی، شفافیت اور کھیل کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید