کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں منگل کو ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث سیکڑوں گاڑیاں خراب ہو گئیں، بارش نے شہر کے انفرااسٹرکچر کو بری طرح متاثر کیا ہے، متعدد نو تعمیر شدہ سڑکیں بھی دھنس گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کا پانی زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے کئی انڈر پاسز و سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہوگئیں، شہر میں جگہ جگہ گڑھے، نکاسی آب نہ ہوسکی، سیکڑوں گھروں میں پانی داخل، لوگ گھروں میں محصور، انتظامیہ بارش کے بعد نظر نہیں آئی۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ مئیر کراچی اور صوبائی وزراء صرف شاہراہ فیصل کا دورہ کرتے اور سب اچھا ہے کا نعرہ لگا کر واپس چلے جاتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ضلع ایسٹ میں شہید ملت روڈ طارق روڈ انڈر پاس، ڈرگ روڈ انڈر پاس جانب ایئرپورٹ، ضلع سینٹرل میں ناظم آباد نمبر 1 انڈر پاس، ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس، لیاقت آباد نمبر 10 انڈر پاس اور غریب آباد انڈر بائی پاس بند رہے۔
اسی طرح سہراب گوٹھ انڈر بائی پاس، ضلع کورنگی میں کورنگی کراسنگ ندی قیوم آباد جانب کورنگی کراسنگ آنے جانے والے دونوں روڈ، ای بی ایم کاز وے روڈ کازوے ندی محمود آباد جانب کورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئے۔
گزشتہ روز خراب ہونے والی گاڑیاں جو شہری روڈ پر چھوڑ کر گھروں کو چلے گئے تھے بدھ کو سڑک کنارے کھڑی رہ جانے والی گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے رہے۔ لیاقت آباد ڈاک خانہ سے سندھی ہوٹل جانے والی سڑک پر گڑھے پڑھ گئے جبکہ متاثرہ سڑک پر راہگیروں کو خبردار کرنے کے لیے ڈسٹ بن رکھ دیے گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد چورنگی انڈر پاس میں پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، سر سید کالج کے قریب انڈر پاس کے دونوں ٹریک بھی بدھ کی صبح تک بند رہے۔
علاوہ ازیں کیپری چوک نمائش چورنگی،شاہراہ لیاقت ،ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل آواری ٹاور، ایف ٹی سی، آئی آئی چندریگر روڈ ،فوارہ چوک، ڈینسو ہال، عبداللہ ہارون روڈ، بہادر آباد، یونیورسٹی روڈ، لسبیلہ چوک ، گرومندر، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، عائشہ منزل ،کریم آباد، گل بائی چوک، پی ٹی سی گیٹ، نیشنل ہائی وے ، جناح ایونیو روڈ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4 بی میں بارش کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی۔ سیکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا، مکین گھروں میں محصور ہوگئے۔