• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرائم شو سے متاثرہ بیوی نے آشنا اور دوست کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا

بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے آشنا اور اس کے دوست کی مدد سے شوہر کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق یہ منصوبہ بندی کرائم شوز سے متاثر ہوکر کی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ منوج کمار کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش چند روز قبل ایک فٹبال گراؤنڈ کے قریب خون میں لت پت ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر کیس پولیس کے لیے پیچیدہ ثابت ہوا کیونکہ جائے وقوعہ پر نہ تو کوئی چشم دید گواہ موجود تھا اور نہ ہی قریبی سی سی ٹی وی کیمرے تاہم پولیس نے تکنیکی شواہد اور قریبی راستوں کی ویڈیوز کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مقتول کی اہلیہ سنتوش دیوی نے بیڈ شیٹ فیکٹری میں کام کرنے والے رشی سے تعلقات قائم کیے ہوئے تھے، دونوں نے بعدازاں رشی کے دوست موہت شرما کو بھی اپنے منصوبے میں شامل کرلیا، تینوں نے انٹرنیٹ اور کرائم بیسڈ ویب سیریز دیکھ کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔

گزشتہ ہفتے موہت نے منوج کا ای رکشہ بک کرایا اور اسے آئی ایس کون مندر لے جانے کے بہانے ایک ویران فارم ہاؤس پہنچایا، جہاں رشی نے بیڈ شیٹ کٹر سے اس کا گلا کاٹ دیا، قتل کے بعد دونوں نے کپڑے تبدیل کیے، اپنی شناخت چھپائی اور موبائل فونز بند کر دیے۔

پولیس کے مطابق ملزمان ایک ماہ سے اس قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تینوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہوں نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید