• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل کو ذمہ داریاں نبھانے کیلئے تیار رہنا چاہیے، وی سی جامعہ بلوچستان

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسزمیں ادارہ آفاق کے تعاون سے تین روزہ یوتھ لیڈرشپ ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ ورکشاپ کا مقصد نوجوان طلبہ و طالبات کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں موثر قیادت، خود اعتمادی، فیصلہ سازی، ٹیم ورک، مواصلاتی مہارتوں اور تنقیدی سوچ جیسی بنیادی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں تعلیمی، سماجی اور پیشہ ورانہ میدانوں میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی تھے۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو نہ صرف ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار رہنا چاہیے بلکہ انہیں ٹیکنالوجی کے بدلتے رجحانات کو اپنانے، چیلنجز کا سامنا کرنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت بھی پیدا کرنی ہوگی۔ وائس چانسلر نے طلبہ کو مستقبل کی قیادت کے لیے پرعزم رہنے کی تلقین کی۔ورکشاپ میں ٹرینر اور لیڈرشپ ایکسپرٹ نثار موسیٰ ڈائریکٹر ٹریننگ آفاق پاکستان، عامر زیب، محمد نعیم رند ریجنل ہیڈ آفاق بلوچستان، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل اسٹوڈنٹس افیئرز عبدالناصر کھیازی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد صادق سمالانی نے بھی شرکت کی اور طلبہ کو موٹیویشن، لیڈرشپ ڈویلپمنٹ، کمیونیکیشن اسکلز اور کریٹیکل تھنکنگ جیسے موضوعات پر انٹرایکٹو سیشنز دیئے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر زینب بی بی اور ڈائریکٹر آئی ایم ایس ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں کی شخصیت سازی اور قیادت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ورکشاپ کے دوران طلبہ نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ان کے لیے انتہائی مفید اور متاثرکن ثابت ہوا ہے، جس نے ان میں خود اعتمادی اور عملی قیادت کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی اور ٹرینرز کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ شرکاء طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر نثار موسیٰ کو نوجوانوں کی تربیت کے لیے نمایاں خدمات پر خصوصی اعزاز بھی دیا گیا۔یہ ورکشاپ جامعہ بلوچستان کے اس ویژن کی عکاس ہے جو نوجوانوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں قومی اور عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔
کوئٹہ سے مزید