• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعدد قوانین متعارف کرائے گئے، کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا حل صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی، ان کی سماجی و معاشی ترقی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے کئی اہم قوانین متعارف کرائے گئے ہیں جن میں گھریلو تشدد کے خلاف قانون، ہراسانی کے خلاف تحفظ کا قانون اور خواتین کو وراثتی حقوق دلانے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ ان قوانین کا مقصد خواتین کو ایک محفوظ، بااختیار اور خودمختار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔کرن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن نہ صرف قانون سازی کے عمل میں معاونت کر رہا ہے بلکہ خواتین کی شکایات کے ازالے، آگاہی مہم اور ضلعی سطح پر خواتین کے لیے سہولت مراکز کے قیام پر بھی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور معاشرے میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ خواتین کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کریں اور ان کی عزت و احترام کو یقینی بنائیں تاکہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید