• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی ہزاروں معصوم جانیں نگل گئی، امن کو نقصان پہنچایا،غلام رسول عمرانی

کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی نے ہزاروں معصوم جانوں کو نگل کر ملک کے امن کو نقصان پہنچایا، لیکن ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سردار بابا غلام رسول عمرانی نے متاثرینِ دہشتگردی کی یاد اور خراجِ عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان معصوم جانوں کی یاد دلاتا ہے جو دہشتگردی کے ظلم کا نشانہ بنے۔ دہشتگردی نے نہ صرف ہمارے ملک کے امن کو زک پہنچائی بلکہ ہزاروں خاندانوں کو دکھ اور کرب سے دوچار کیا۔ آج کے دن ہم ان شہداء اور متاثرین کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے امن کی شمع روشن کی۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف ڈٹ کر قربانیاں دیں اور ہمارے بہادر شہریوں اور سیکیورٹی اداروں نے امن کے قیام کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کے زخموں پر مرہم رکھیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک پرامن، خوشحال اور محفوظ پاکستان مل سکے۔
کوئٹہ سے مزید