• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بونیر: جان خطرے میں ڈال کر اسکول کے بچوں کو بچانے والا اسکول ٹیچر خود زندگی ہار گیا

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سیلابی ریلے میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر اسکول کے بچوں سمیت درجنوں لوگوں کو بچانے والا سرکاری اسکول کا ٹیچر خود زندگی ہار گیا۔

ظہور احمد نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر گاؤں کے افراد اور اسکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

خود سیلابی ریلے میں آنے والے ایک پتھر سے ٹکرا کر جان کی بازی ہار گیا ، ظہور احمد سمیت ان کے خاندان کے 12 ا سے زائد افراد سیلاب کی نذر ہوئے۔

بشونئی گاؤں کے نوجوان صاحبزادہ ظہور احمد ایک سرکاری اسکول کے استاد تھے۔ 15 اگست کو جب وہ اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلنے ہی والے تھے کہ اچانک سیلابی ریلے نے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ظہور احمد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر نہ صرف اپنے خاندان کے افراد اسکول کے بچوں بلکہ گاؤں کے دیگر لوگوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

 تاہم اسی دوران سیلابی ریلے میں آنے والے ایک پتھر سے ٹکرا کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

مقامی افراد کے مطابق ظہور احمد نے سب کو بچانے کی کوشش کی۔ اگر وہ چاہتے تو اپنی جان بچا سکتے تھے لیکن انہوں نے اپنی زندگی داؤ پر لگا کر 25 سے زیادہ افراد کی زندگیاں بچائیں۔

ظہور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار بھی تھے۔ جنھوں نے اپنی زندگی بچوں کو پڑھانے اور سماجی خدمت میں گزاری۔

ظہور احمد سمیت ان کے خاندان کے ایک درجن سے زیادہ افراد حالیہ سیلاب میں اللّٰہ کو پیارے ہوگئے۔ جس نے پورے علاقے کے لوگوں کو افسردہ کر دیا، ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے زندگی بچوں کو پڑھانے میں گزاری، اور آخر میں انہی بچوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

قومی خبریں سے مزید