کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، 2025کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کے منافع میں گزشتہ سال کی نسبت39.4فیصد کا اضافہ، تفصیلات کے مطابق ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30جون 2025کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی۔ بینک نے اس عرصے میں 3.64ارب روپے پری ٹیکس منافع کمایا ، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2.61ارب روپے تھا۔ اس طرح منافع میں 39.4 فیصد اضافہ ہوا۔یہ کامیابی زیادہ مارک اپ آمدن اور ڈیجیٹل لینڈنگ و پیمنٹس سے حاصل ہونے والی فیسوں کی مضبوط آمدن کے باعث ممکن ہوئی، حالانکہ اس دوران مہنگائی میں کمی کے مطابق اسٹیٹ بینک کا ڈسکاؤنٹ ریٹ 20فیصد سے گھٹ کر 11 فیصد ہو گیا۔ نیٹ مارک اپ آمدن میں 15.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیاد ڈیجیٹل قرضوں کی بڑھتی ہوئی سہولت تھی۔ اسی دوران نان مارک اپ آمدن میں 60.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو زیادہ ٹرانزیکشن والیومز (خاص طور پر کیش ڈپازٹس اور ودڈرالز)، لوڈ و بنڈل پراڈکٹس سے کمائی، کارپوریٹ ڈسبرسمنٹس و کلیکشن پر کمیشنز اور انشورنس پراڈکٹس سے حاصل ہوا۔آپریٹنگ اخراجات میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا، جو ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور صارفین کے حصول پر سرمایہ کاری کی وجہ سے ہے، تاہم معاوضوں کے اخراجات میں کچھ کمی نے اس کو جزوی طور پر متوازن رکھا۔ لاگت سے آمدن کا تناسب بہتر ہو کر گزشتہ سال کے 80.5 فیصد سے 66.9 فیصد تک آگیا۔بینک کا ڈیجیٹل ایکو سسٹم مزید مستحکم ہوا، اور ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1.82 کروڑ تک پہنچ گئی۔