لاہور (نیوزرپورٹر)معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کو سوشل میڈیا پر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی پارٹی کی ویڈیوز کو ہائی لائٹ کرنے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور نے طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایجنسی نے ماریہ بی کو 26 اگست کو پیش ہونے کے لیے طلبی کا سمن جاری کر دیا ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو ذاتی حیثیت میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں۔فیشن ڈیزائنر کے خلاف یہ شکایت ٹرانس جینڈر نعیم بٹ عرف سیمہ بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماریہ بی نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی ساکھ کو متاثر کرنے والی پوسٹس اور ویڈیوز شیئر کیں اور عوامی نفرت کو بڑھاوا دیا۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شکایت موصول ہونے کے بعد ابتدائی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا ماریہ بی کی سوشل میڈیا سرگرمیاں PECA ایکٹ (پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ) کے دائرہ کار میں آتی ہیں یا نہیں۔