• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

JSMU کے طلبا کا احتجاج و دھرنا، انتظامیہ کو چار نکاتی مطالبات پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مرکزی دروازے پر دھرنا دیا اور اپنے مطالبات پیش کیے۔ طلبا کا کہنا تھا کہ ناقص پالیسیوں اور حالیہ بارشوں میں درپیش مشکلات نے ان کے تعلیمی سفر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہفتے کو یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر احتجاج کرتے ہوئے طلبا کا کہنا تھا کہ 19 اگست کو پیش آنے والے واقعے پر یونیورسٹی انتظامیہ کی باضابطہ معافی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے دوران پوائنٹس تاخیر سے چلے، طلبا کئی گھنٹے پھنسے رہے اور بعض کو رات بھر پوائنٹس میں گزارنی پڑی، مگر اس کے باوجود اگلے دن آن لائن کلاسز کا حکم جاری کیا گیا، جو سراسر ناانصافی تھی۔ طلبا نے مطالبہ کیا کہ مون سون سیزن اور دیگر حقیقی مجبوریوں کی بنیاد پر حاضری سے متعلق رعایت دی جائے، اور لازمی حاضری کے تناسب کو کم کیا جائے تاکہ تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سخت حاضری اور پاسنگ معیار سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ رہا ہے۔ مزید برآں، احتجاجی طلبا نے یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے شفاف اور جمہوری انتخابات کا مطالبہ کیا تاکہ ہر طالب علم کو ووٹ کا حق ملے اور ان کی حقیقی نمائندگی ہو۔
ملک بھر سے سے مزید