• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کے سربراہ سے ایتھوپین ایئر فورس کمانڈر کی ملاقات

ایتھوپین ایئر فورس کے کمانڈر نے بدھ کو اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ 

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ 

پی اے ایف کے چاق چوبند دستے نے لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 

ایئر چیف نے مشترکہ تربیتی اقدامات سے شراکت داری مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ، ایتھوپین ایئر فورس کو پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئر فورس کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔ 

کمانڈر ایتھوپین ایئر فورس نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جنگی تجربے، کمانڈ و تکنیکی جدت اور مہارت سے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔

کمانڈر ایتھوپین فضائیہ نے ہوا بازی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور جدت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایتھوپین ایئر چیف نے نیشنل آئی ایس آر و انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، کمانڈر ایتھوپین فضائیہ نے پاک فضائیہ کی تکنیکی اور جدید جنگی صلاحیتوں کے انضمام کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں مزید مضبوطی اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے پختہ عزم کا بھی عکاس ہے۔

قومی خبریں سے مزید