لاہور کے نواحی علاقوں چوہنگ اور رائیونڈ میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ 2 مبینہ مقابلوں میں 4 زیرِ حراست ملزمان مارے گئے، چند دن پہلے 30 روپے کی خاطر 2 جوان بھائیوں کو قتل کرنے میں ملوث 2 ملزمان بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ پولیس زیرِ حراست ملزموں اویس اور شہزاد کو دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے لے کر جا رہی تھی، اس دوران ملزمان کے ساتھیوں توقیر وغیرہ نے انھیں چھُڑوانے کیلئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔
ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست ملزمان اویس اور شہزاد مارے گئے تاہم توقیر وغیرہ فرار ہو گئے۔
اُدھر رائیونڈ میں سی سی ڈی کے ساتھ ایک اور مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو بھی مارے گئے، فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکو حسنین اور عمر، شاہ گینگ کے رکن تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزموں کو نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی، دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔