کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا گلستان اور پشین کا دورہ ، حاجی عبدالروف ترین سے ان کے بیٹے کی وفات پر تعزیت ، پشین میں حاجی فضل محمد ترین اور بڈو رسالدار کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شریک ہوئے ۔ جمعرات کو سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گلستان جاکر قبائلی رہنماء حاجی عبدالروف ترین سے ان کے بیٹے محمد اسلم ترین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ بعد ازاں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی پشین میں حاجی فضل محمد ترین اور بڈو رسالدار کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں شریک ہوئے ، اس موقع پر پشین کے سیاسی و قبائلی عمائدین و کارکنوں نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا پشین پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا ۔ دورئے کے دوران نوابزادہ لشکری رئیسانی سے پشین کے سیاسی و قبائلی عمائدین ، کارکنوں نے بڑی تعداد میں ملاقات کرکے انہیں پشین کے تفصیلی دورئے کی دعوت دی جسے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پشین کا تفصیلی دورہ کریں گے۔