میکسیکو سٹی میں ایوانِ بالا کا اجلاس اچانک میدانِ جنگ بن گیا، امریکی فوجی مداخلت پر بحث کے بعد حزبِ اختلاف اور حکومتی سینیٹرز آپس میں الجھ پڑے۔
اجلاس کے دوران واقعہ اس وقت پیش آیا جب حزبِ اختلاف کے رہنما الیخاندرو مورینو کو تقریر کا موقع نہ ملا، غصے میں بھرے مورینو نے سینیٹ کے صدر جیراڈو فرنینڈیز نورونیا کا بازو پکڑا اور دونوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
ہنگامے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ایک سینیٹر نے مکا چلایا جبکہ دوسرے کو زمین پر گرا دیا گیا۔
بعدازاں نورونیا اپنی ٹیم کے زخمی رکن کے ساتھ پریس کانفرنس میں نظر آئے، جس کے بازو اور گردن پر پٹیاں بندھی تھیں۔
نورونیا نے حزبِ اختلاف پر جتھہ بنا کر حملہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ مورینو نے انہیں قتل کی دھمکی بھی دی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مورینو اور دیگر ملوث اراکین کی ایوان سے بے دخلی کے لیے بھی کوشش کریں گے۔
مورینو نے سوشل میڈیا پر مؤقف اپنایا کہ حکمران جماعت نے ایجنڈا تبدیل کرکے حزبِ اختلاف کو بولنے سے روکا، جس پر ہم نے احتجاج کیا، اصل اشتعال نورونیا نے دلایا تھا اور ہم حکومتی بزدلانہ رویے کے خلاف کھڑے ہوئے۔