اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت ہوگئی، انسولین سمیت 79 اہم ادویات دستیاب نہیں جبکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ یہ بحران لاکھوں مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔پی ایم اے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک نئی اور حقیقت پسندانہ دوا کی قیمتوں کی پالیسی منظور کی جائے، جو پیداواری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ادویات کی تیاری کو مالی طور پر ممکن بنا سکے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک بھر میں جان بچانے والی اور ضروری ادویات کی غیر معمولی اور شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ بحران لاکھوں مریضوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق کم از کم 80 اہم ادویات دستیاب نہیں ہیں۔