اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ارشد شریف کے قتل کی شفاف انکوائری کیلئے سوالات فریم کئے اور انوسٹی گیشن میں پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے، معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہونے کے باعث جوڈیشل کمیشن کے قیام کی ہدایات جاری نہیں کر رہے، ایسا کرنا اعلی عدالت کے دائرہ اختیار میں مداخلت ہو گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی سینئر صحافی حامد میر، جوڈیشل ایکٹوزم پینل اور مقتول ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق کی جانب سے دائر درخواستیں نمٹا دیں۔