اسلام آباد(اےپی پی)حکومت نے اہم انفراسٹرکچر‘ حساس ڈیٹا اور ڈیجیٹل آپریشنز کو درپیش سائبر حملوں کی نگرانی اور ان کے فوری تدارک کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تھریٹ ڈٹیکشن سسٹمز متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی جزو اے آئی پر مبنی سائبر سکیورٹی حل کی تیاری ہے جو اے آئی سسٹمز کے پورے لائف سائیکل میں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ ان میں اے آئی انٹیگریٹڈ سکیورٹی گائیڈلائنز برائے ڈویلپمنٹ اور ڈپلائمنٹ، ریئل ٹائم تھریٹ ڈٹیکشن اور محفوظ تھریٹ انٹیلی جنس شیئرنگ کے لیے کولیبریٹو ڈیفنس میکنزم شامل ہیں۔مجوزہ سسٹمز جدید اے آئی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بڑھتے ہوئے خطرات اور حملوں کا مقابلہ کریں گے۔ اے آئی پر مبنی سائبر سکیورٹی پروٹوکول سختی سے نافذ کیے جائیں گے جن میں ڈیٹا کے محفوظ ذخیرہ اور ترسیل، سینڈباکس ٹیسٹنگ اور اسٹیک ہولڈرز کے فیڈ بیک شامل ہو ں گے۔