برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں تاجدارِ انبیاء، سرورِ کونین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر جشن عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم انتہائی عقیدت، جوش و جذبے سے منایا گیا۔
اس موقع پر نہ صرف شہر کی مرکزی مساجد میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا بلکہ ایک پروقار جلوس بھی نکالا گیا، جس نے نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے پیغام محبت اور انسانیت کو عام کرنے کا عزم دہرایا۔
عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس مسجد دارالعلوم لانگ سائٹ سے شروع ہوا۔ جس میں شہر بھر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جلوس اسٹاک پورٹ روڈ، ڈکنسن روڈ اور ویمزلو روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں نعتیہ کلام پیش کیا گیا اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
جلوس میں شہر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ جن میں علامہ ثاقب رضا ممبر پارلیمنٹ، افضل خان محقق، مظفر محمود فراشوی، مولانا عبدالغفور چوہدری، نصیر احمد ساہیوالی، علامہ احمد وقار بیگ قادری، اُستاد صفدر، قربان حسین، محمد نصیر، اچھا جی، محمد صفدر بلوچ، محمد اشرف گجر، محمد عابد، بابر احمد اور مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک کی مجلس شوریٰ کے اراکین شامل تھے۔
اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر مٹھائیوں، کھانوں، چائے، کھیر اور دودھ کے اسٹال لگائے گئے، جہاں نیاز تقسیم کی گئی۔ خاص طور پر قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر کی انتظامیہ نے نیاز کی تقسیم کا اہتمام کیا۔