کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت ا ہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نےکہا ہے کہ امسال 1500سالہ جشن عید میلاد النبی ﷺباوقار انداز اورعقیدت و احترام سے سے منائیں گے، اس سلسلے میں جماعت اہلسنت کراچی کے زیر اہتمام مر کزی جلوس جشن عید میلاد النبی ﷺ 12ربیع الاول ہفتہ 6ستمبرکو 3بجے سہ پہرنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علما و مشائخ کی قیادت میں روانہ ہو گاجو براستہ ایم اے جناح روڈ نشترپارک پہنچے گا جہاںعظیم الشان میلاد کانفرنس ہوگی ، کانفرنس سے علماء کرام و قائدین اہلسنّت خطاب کریں گے ، یہ بات انھوں نے پیر کو لائٹ ہاؤس میں واقع نجی وال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہی ، پریس کانفرنس میں حاجی حنیف طیب، سید رفیق شاہ، مفتی بلال قادری ،مولاناابرار احمدرحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری، مولانا الطاف قادری،قاضی نو ر الاسلام شمس اور دیگر موجود تھے، علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے مزید کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سرکاری سطح پر حضور خاتم النبیین ﷺ کے 1500 سالہ جشن ولادت منانے کے اعلان کیساتھ عملی اقدامات کئے جائیں، جشن ِ ولادت کی مناسبت سے حکومت پاکستان یاد گاری ٹکٹ اور یادگاری سکّہ جاری کرے، میلاد النبی کی تمام تقریبات، جلوس، ریلیوں کی سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے، کمشنر آفس اور تمام اضلاع کے کنٹرول رومز میں ذمہ دار حضرات کی 24گھنٹے موجودگی بے حد ضروری ہے، میلاد النبی تقریبات کیلئے این او سی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری کی جائیں،انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں میں شہر کے اکثر علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں اب بھی گندا پانی موجود ہے نیز جلوس کے روٹ کی کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،تا حال بلدیاتی اداروں اور ٹاؤنز چیئر مینز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، بلدیاتی ادارے ہمیں احتجاجی لائحہ عمل پر مجبور نہ کریں فی الفور موثر اقدامات کریں اور کارکرگی دکھائیں۔